لاہور(جیوڈیسک) انجری کا شکار قومی فاسٹ بولر محمد عرفان کی جگہ عمر گل کو سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں نمائندگی ملنے کا امکان روشن ہو گیا۔ عمر گل کو ریکارڈ بک نے بھی صیح کی رپورٹ دے دی۔
انجری کا شکار عمر گل کو محمد عرفان پر تجربہ اور کارکردگی کے لحاظ سے واضح برتری حاصل ہے۔ محمد عرفان نے سری لنکا کے خلاف کوئی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی نہیں کھیلا۔
یو اے ای کے صحرائی میدانوں میں محمد عرفان نے پانچ ایک روزہ میچ کھیلے دو سو سینتیس رنز کے عوض نو وکٹیں حاصل کیں۔ چھیالیس رنز دے کر تین وکٹیں ان کا بڑا کارنامہ ہے جبکہ انہیں گرانڈز پر محمد عرفان نے ایک ادھورے میچ سمیت دو ٹی ٹوئنٹی کھیلے اور کوئی وکٹ نہ گرا سکے۔
محمد عرفان کی جگہ تجربہ کار بولر عمر گل کو مل سکتی ہے۔ عمر گل نے سری لنکا کے خلاف بائیس ون ڈے کھیلے اور اٹھائیس شکار کیے۔ متحدہ عرب امارات میں ان کے پاس چھبیس ون ڈیز کھیلنے کا تجربہ ہے جن میں عمر گل کی وکٹیں پینتیس ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بھی عمر گل آگے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف آٹھ نمائندگیاں اور تیرہ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ یواے ای میں عمر گل کو چودہ ٹی 20 کھیلنے کا موقع ملا جن میں انہوں نے اٹھارہ شکار کیے۔
آٹھ رنز کے عوض چار وکٹیں عمر گل کی بہترین کارکردگی ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز گیارہ دسمبر سے شروع ہو گی۔