شارجہ (جیوڈیسک) سری لنکا کی جانب سے کشال پریرا 64 جبکہ دنیش چندی مل 46 اور Senanayake 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ اور کوئی سری لنکن بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ سری لنکا کی جانب سے تلکا رتنے دلشان نے 30، سنگاکارا 23، تھرمنے 10، اے ڈی میتھیوز 31، تھسیرا پریرا 6 جبکہ ملنگا صفر رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 311 رنز بنا کر پویلین لوٹی گئی۔
سری لنکا نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 80 سے زائد رنز بنائے۔ اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ یہ میچ بھی پاکستان کے ہاتھ سے نکل جائےگا مگر پاکستانی بائولروں نے سری لنکن بلے بازوں کا یہ خواب چکنا چور کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 3، شاہد آفریدی 2، جبکہ محمد حفیظ، سہیل تنویر اور بلاول بھٹی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو انتہائی سود مند ثابت ہوا۔ اننگز کا آغاز کرنے کیلئے احمد شہزاد اور شرجیل خان میدان میں آئے۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی اوپنر احمد شہزاد تھے جو لکمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
امپائر کے فیصلے کے خلاف قومی اوپنر نے اپیل تو کی لیکن تاخیر ہو جانے کے باعث رد ہو گئی۔ احمد شہزاد 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بعد میں کیرئیر کا پہلا ون ڈے کھیلنے والے شرجیل خان نے وکٹ پر قدم جمائے۔ انہوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی۔ ان کی پہلی ون ڈے ففٹی میں 5 چوکے اور 3 زوردار چھکے شامل تھے۔
وہ 61 رنز کی جارحانہ اننگز کے بعد میدان بدر ہوئے۔ نائب کپتان محمد حفیظ نے کیرئیر کی ساتویں سینچری مکمل کی۔ صہیب مقصود نے ان کا بھرپور ساتھ دیا تاہم 73 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے۔ بوم بوم آفریدی نے بھی سری لنکن بائولروں کی خوب درگت بنائی۔ انہوں نے 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے صرف 12 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔
شاہد آفریدی کو پریرا نے آئوٹ کیا۔ میچ کے آخر اوور میں محمد محفیظ 122 رنز پر پہنچے تھے کہ انھیں لکمل نے آئوٹ کر دیا۔ عمر اکمل نے 9 جبکہ بلاول بھٹی نے ایک رن بنایا اور ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 322 رنز بنائے تھے۔