اسلام آباد (جیوڈیسک) بجلی پیدا کرنے والے تیل فرنس آئل کی خشک ٹنکیاں بھرنے کا امکان پیدا ہو گیا، اعلی ترین سطح سے رقم کی واضح یقین دہانی کے بعد پی ایس او نے جنوری تا 15 مارچ تیل کے 11 جہاز منگوانے کا فیصلہ کر لیا جسکے بعد بجلی کا متوقع بڑا بحران پیدا نہ ہونے کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق اعلی ترین سطح سے رقم کی یقین دہانی اور احکامات کے بعد نو جہازوں سے 5لاکھ 85 ہزار ٹن تیل ملک لانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ ان جہازوں کو نومبر اور دسمبر میں کراچی بندرگاہوں پر پہنچنا تھا ۔تفصیلات کے مطابق 28 جنوری تک دو جہازوں سے 1 لاکھ 30 ہزار ٹن فرنس آئل کراچی بندرگاہ پہنچے گا۔
حکام نے بتایا کہ 15 مارچ سے مئی تک کیلیے 10 سے 12 جہازوں سے سات لاکھ ٹن فرنس آئل لانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ انڈسٹری زرائع کے مطابق تاریخ میں پہلی مرتبہ پی ایس او کے بجلی پیدا کرنے والے تیل کےذخائر ایک ہفتے سے تقریبا خشک پڑے ہیں جس سے جنوری کے آخری ہفتے سے بجلی کی پیداوار 75 فیصد تک کم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔