کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو اپنی تنخواہوں کے تو پہلے ہی لالے پڑے ہوئے تھے اب اپنی محنت کی کمائی میں سے جمع کرائے گئے پروویڈنٹ فنڈ اور گریجویٹی میں سے بھی قرض ملنا بند ہوگیا ہے جس سے 15 ہزار سے زائد ملازمین پر مشتمل اس ادارے کی افرادی قوت کو بدترین حالات کا سامنا ہے۔
پاکستان اسٹیل میں فوت ہونے والے اور ریٹائرڈ ملازمین کو گریجویٹی اور پروویڈنٹ فنڈ کی ادائیگی پہلے ہی رکی ہوئی ہے، پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ نے بیل آؤٹ میں سے پروویڈنٹ فنڈ اور گریجویٹی میں رقم لوٹانے کا وعدہ پورا نہیں کیا جس پر ملازمین میں اشتعال پایا جاتا ہے۔ پاکستان اسٹیل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز مشتعل ملازمین نے پروویڈنٹ فنڈ کے انچارج کے دفتر کا گھیراؤ کیا اور ملازمین کے فنڈ میں سے قرض جاری نہ کرنے پر سخت احتجاج کیا۔
ملازمین کے مطابق انتظامیہ نے 3ارب روپے کی آخری قسط میں سے 22کروڑ روپے کی رقم پروویڈنٹ فنڈ میں جمع کرائی ہے تاہم کچھ روز تک بعض ملازمین کو لون کی ادائیگی کے بعد اب طویل عرصے سے منظوری کی منتظر درخواستوں پر عمل کرنے کے بجائے فنڈ سے لون کی ادائیگی بند کر دی گئی ہے جس پر جمعہ کو بھی ملازمین نے احتجاج کیا تھا۔