کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو ڈیڑھ ماہ کی تنخواہ جاری کردی گئی ہے،جس میں مئی کے مہینے کی مکمل جبکہ جون کے آدھے مہینے کی تنخواہ ادا کی گئی ہے۔ پاکستان اسٹیل ملز کے ترجمان کے مطابق آج ادارے کو حکومتی امدادی پیکیج کی 2 ارب 85 کروڑ روپے کی تیسری قسط موصول ہوگئی ہے، جس میں سے 75 کروڑ روپے ملازمین کی ڈیرھ ماہ کی تنخواہ ادا کرنے میں خرچ کیے گئے ہیں۔
جبکہ موصول شدہ رقم میں سے ڈیڑھ ارب روپے خام مال کی خرید اری کیلئے استعمال کیے جائیں گے،اس کے علاوہ بقیہ رقم ادارے کے یوٹیلٹی بلز سمیت ریٹائرڈ ملازمین کی گریجویٹی فنڈز جاری کرنے میں خرچ ہوگی۔حکومت نے ادارے کی بحالی کیلئے 18 اعشایہ 5 ارب روپے کا پیکیج منظور کیا تھا ،تاہم گزشتہ تین ماہ کے دوران اب تک 9 ارب 60 کروڑ روپے جاری کیے جاچکے ہیں۔