کراچی (جیوڈیسک) چار ماہ سے تنخواہوں کے منتظر پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہیں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان سٹیل ملز ملازمین کے آنسو پونچھنے کی خاطر اقتصادی رابطہ کمیٹی کا جلد اجلاس طلب کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کے لئے 2 سے 3 ارب روپے کے پیکج کی منظوری دے دی جائے گی جس میں سے سٹیل ملز ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہوں کی مد میں 90 کروڑ روپے بھی جاری کر دیئے جائیں گے۔
پاکستان سٹیل ملز کا پیداواری عمل جولائی 2015 سے مکمل طور پر بند ہے جبکہ ہر ماہ سٹیل ملزکو 2 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے اور ادارے کا مالی خسارہ 100 ارب روپے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے معاشی اصلاحاتی پروگرام کے تحت حکومت رواں برس ادارے کی نجکاری کا فیصلہ کر چکی ہے۔