پاکستان اسٹیل ملز کا مالی بحران سنگین تر ہو گیا۔ اسٹیل ملز میں کوئلے کے ذخائر ختم ہو گے ہیں اور اب اسٹیل ملز میں پرانے رکھے گے کوئلے کے ذخائر کو استعمال لا کر پیداوار کو جاری رکھا جا رہا ہے۔
اسٹیل ملز ذرائع کے مطابق آئندہ دو دن تک اسٹیل مل کو کوئلہ فراہم نہیں کیا گیا تو اسٹیل ملز کی پیداوار مکمل طور پر بند ہو جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اب اسٹیل ملز کی پیدواری صلاحیت چھ سے آٹھ فیصد تک آگئی ہے۔
اسٹیل ملز ذرائع کے مطابق پانچ ہزار ٹن کوئلہ کا جہاز آئندہ ہفتے کراچی پہنچ جائے گا اور دس ہزار ٹن کا ایک ٹینڈر بھی منظور کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیل ملز کو بند ہونے سے بچانے کیلئے پیداواری یونٹس کو ہیٹنگ پر منتقل کیا جارہا ہے۔اس حوالے سے ترجمان پاکستان اسٹیل کا کہنا ہے کہ دونوں بیٹریاں بدستور کام کر ہی ہیں۔ تاہم ترجمان نے تسلیم کیا کہ پاکستان اسٹیل کی پیداواری صلاحیت اپنی تاریخ کی کم ترین سطح دس فیصد پر آگئی ہے۔
پاکستان اسٹیل کو بچانے کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل کے لیے تین ارب تیس کروڑ روپے کے بیل آوٹ پیکج کی منظوری دی تھی جو اب تک جاری نہیں کیا گیا ہے۔