پاکستان اسٹیل کے لئے خام لوہے کی آمد کے بعد پیداواری سرگرمیاں بہتر ہوئی ہیں۔ پاکستان اسٹیل کے ایک ترجمان کے مطابق گزشتہ ہفتے آسٹریلیا سے پچپن ہزار میٹرک ٹن خام لوہے کا جہاز پاکستان اسٹیل کی جیٹی پر لنگر انداز ہو۔
خام لوہے کے لئے سنگاپور کی ایک کمپنی میسرز کارگل انٹرنیشنل سے معاہدہ کیا گیا تھا اورخام لوہے کے لئے 8.3 ملین ڈالر کی ایل سی کھولی گئی تھی۔ ترجمان پاکستان اسٹیل نے مزید بتایا کہ درآمدی خام لوہے کی آمد اور اس میں تسلسل سے پاکستان اسٹیل کے پیداواری عمل میں بہتری آئے گی جس کے لئے مزید ٹینڈرز کی کارروائی تکمیل کے مراحل میں ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹیل نے اوپن ٹینڈر کے ذریعے غیر ملکی کمپنیوں سے مزید 3 معاہدے بھی کئے ہیں۔ ہر ٹینڈر میں 50 سے55 ہزارمیٹرک ٹن آئرن اوور (فائن اور لمپ) مانگا گیا ہے۔ اس طرح کل ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن سے زائد خام لوہا پاکستان اسٹیل کو حاصل ہو سکے گا۔
ذرائع کے مطابق دوسرا جہاز موریطانیہ سے جبکہ تیسرا مسقط عمان کی کانوں سے خام لوہا پاکستان سٹیل پہنچائے گا۔