کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹیل کے کارخانوں سے 45 فیصد پیداوار حاصل کی جارہی ہے، جنوری 2015 میں 50 فیصد سے زائد پیداوار کی توقع ہے، گزشتہ 4 سال سے بند اسٹیل میکنگ ڈپارٹمنٹ کا ہاٹ میٹل مکسر مرمت کے بعد دوبارہ فعال کردیا گیا ہے۔
پاکستان اسٹیل کے ترجمان شازم اختر نے جمعرات کو بتایا کہ پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ کی جانب سے بہتر حکمت عملی اور بروقت درست فیصلوں کی بدولت ادارے کی پیداوار میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، اب پاکستان اسٹیل کے کارخانوں سے 45 فیصد پیداوار حاصل کی جا رہی ہے، اسٹیل میکنگ ڈپارٹمنٹ کا ہاٹ میٹل مکسرفعال ہونے سے پیداوار میں مزید بہتری کی توقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ کے سربراہ میجر جنرل (ر) ظہیر احمد خان کی ہدایات کے مطابق مقررہ پیداواری اہداف کے حصول کے لیے پاکستان اسٹیل کے دیگر پیداواری کارخانوں کی ضروری مرمت و دیکھ بھال کا کام مکمل کیا جا رہا ہے، امید ہے کہ پیداواری اہداف کے حصول میں مزید تیزی کا رجحان پیدا ہوگا۔
شازم اختر نے بتایا کہ پاکستان اسٹیل کے ملازمین انتظامیہ کے بروقت درست فیصلوں اور ہدایات کے مطابق اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے لیے شب و روز مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ دسمبر 2014 کی قسط آئندہ ایک ہفتے تک مل جائے تاکہ 60 اور 70 فیصد پروڈکشن کے لیے میٹریل کا آرڈر دیا جا سکے اور پروڈکشن کے عمل میں رکاوٹ نہ ہو۔