کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹیل کے پاس اپنی بھٹیاں روشن رکھنے کیلئے صرف ایک ماہ کا کوئلہ رہ گیا ہے،ادارے کی مالی مشکلات کے باعث ملازمین اب تک ڈھائی مہینے کی تنخواہوں کے منتظر ہیں۔ پاکستان اسٹیل میں 15 ستمبر تک بھٹیاں چلانے کیلئے کوئلہ رہ گیا ہے۔
جبکہ مختلف مشینری خراب ہونے، خام مال کی قلت اور دیگر وجوہات کے باعث اسٹیل ملز میں صلاحیت کے مقابلے میں صرف 11 فی صد پیداوار ہورہی ہے۔اس کے علاوہ اسٹیل ملز کے تین بجلی گھروں میں سے 2، پندرہ ماہ سے خراب پڑے ہیں۔
جبکہ 55 میگاواٹ کے ایک پلانٹ سے صرف 10 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔ مالی مشکلات کے باعث پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو ڈھائی مہینوں کی تنخواہیں بھی ادا نہیں کی جاسکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسٹیل ملز کے نئے قائم مقام سربراہ نے کوئلے کے حصول کیلئے رقم کی فراہمی اور ادارے کی بحالی کیلئے کام شروع کردیا ہے۔