پاکستان سٹیل مل کا خسارہ بڑھ کر88 ارب روپے سے بھی تجاوز کر گیا۔کراچی: (آن لائن) پانچ سال کے دوران پاکستان سٹیل مل کا خسارہ بڑھ کر 88 ارب روپے سے بھی تجاوز کر گیا۔ ادارے کو واجبات کی مد میں 95 ارب روپے ادائیگی کرنا ہے۔ گزشتہ دور حکومت میں پاکستان سٹیل مل کو کرپشن کی دیمک چاٹ گئی۔
پیداواری صلاحیت نہ ہونے کے باوجود ملازمین کی بھرتیاں جاری رہیں۔ ادارے کے خسارے اور دیگر اخراجات کی مد میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا جس کی اہم وجہ مالی مشکلات اور خام مال کا شدید بحران تھی۔ سال 2008 سے اب تک پاکستان سٹیل کا خسارہ 88 ارب روپے اور واجبات 95 ارب روپے پر پہنچ گئے۔
پانچ سال سے ادارے کی اوسط پیداواری صلاحیت 18 فیصد تک محدود ہے۔ زرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے بغیر منصوبہ بندی رقم تو فراہم کر دی لیکن تاحال ادارے کی صورتحال میں بہتری نہیں آسکی۔ صورتحال یہ ہے کہ ملازمین نے فروری کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہوئی تو نیشنل ہائی وے پر دھرنا دیا جائے گا۔