واشنگٹن (جیوڈیسک) وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکہ اِس بات کا خواہاں ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان مزید کوششں کرے، اور یہ کہ پاکستان پر دباؤ بڑھانے کے لیے چند ہی روز کے اندر اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔
وائٹ ہاؤس ترجمان، سارا سینڈرز نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہمیں پتا ہے کہ دہشت گردی کو روکنے کے لیے وہ مزید کوشش کرسکتا ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ ایسا کرے‘‘۔
بقول اُن کے، ’’اِن مخصوص اقدامات کے اعتبار سے، میرے خیال میں، اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران، اس ضمن میں آپ مزید تفصیل ملاحظہ کریں گے‘‘۔
اس سے قبل، منگل ہی کے روز، اقوام متحدہ میں امریکی سفیر، نکی ہیلی نے کہا تھا کہ امریکہ پاکستان کو امداد میں دی جانے والی 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی رقم روک رہا ہے، چونکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان مکمل تعاون میں ناکام رہا ہے۔