اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین نے سپیکرز کانفرنس میں شریک تمام ممالک کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔ اسلام آباد میں سپیکر کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اقدامات سے دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔
سپیکرز کانفرنس میں دنیا میں ہونیوالی دہشت گردی کی پرروز الفاظ میں مذمت کی گئی، ایرانی سپیکر نے کہا خطے میں امریکا کی نئی مہم جوئی روکنے کی ضرورت ہے، روسی فیڈرل اسمبلی کے چیئرمین نے دہشت گردی کو پوری دنیا اور مذاہب کیلئے خطرہ قرار دیا۔ اسلام آباد میں سپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سپیکر علی لاریجانی نے کہا آج کے دور میں دہشتگردی کی بنیاد بہت مختلف ہے، بنیادی اُصولوں پر اسلام میں تمام گروہ متفق ہیں،
خطے میں امریکا کی نئی مہم جوئی روکنے کی ضرورت ہے۔ سائبر شعبے میں بھی دہشتگردی روکنے کیلئےکوششوں کرنی ہوں گی۔ روسی فیڈرل اسمبلی کے چیئرمین نے کہا داعش کے دہشت گرد شام اور عراق سے افغانستان منتقل ہو رہے ہیں۔ دہشتگردی پوری دنیا اور مذاہب کیلئے خطرہ ہے، دہشتگردی کو روکنا ہمارا مشترکہ مقصد ہے۔ افغان سپیکر عبدالرؤف ابراہمی نے تیز رفتار ترقی کیلئے خطے کے ممالک کو باہمی رابطے بڑھانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا خطے کے ممالک کو مؤثر حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
ترک سپیکر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمارے خطے کو سنگین چیلنجز درپیش ہیں، داعش اور پی کے کے سے لڑائی میں ہم نے کئی قیمتی جانیں قربان کیں۔ چین کے سپیکر نے کہا کوئی ملک اکیلا چیلنجز پر قابو نہیں پاسکتا، ہمیں مل کر اس سے نمٹنا ہو گا۔