کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسچینج نے آئندہ بجٹ کیلئے حکومت کو تجویز دی ہے کہ ایک سال کے بعد حصص کی فروخت پر کپیٹل گین ٹیکس وصول نہ کیا جائے۔
چھ ماہ کے اندر اندر شیئرز کی فروخت پر 10 فیصد اور 6 سے 12 ماہ کے درمیان صرف 8 فیصد ہی ٹیکس وصول کیا جانا چاہیے۔ اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق اس طرح کے اقدام سے بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور سرمایہ کاری بڑھنے کا بھی امکان ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت حصص کی فروخت پر کپیٹل گین ٹیکس کی شرح 15 فیصد تک ہے، جبکہ دنیا کے کئی ممالک جن میں سنگا پور، سری لنکا، ملیشیاء، ہانگ کانگ اور نیوزی لینڈ وغیرہ شامل ہیں، وہاں کیپیٹل گین ٹیکس سرے سے وصول ہی نہیں کیا جاتا۔