اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تاریخ کا ایک اور نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔ ایک دن میں مارکیٹ 1855 پوائنٹس کی کمی کے بعد 47672 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی جس سے سرمایا کاروں کے 320 ارب روپے ڈوب گئے۔ اس سے قبل یکم جون کو سٹاک مارکیٹ میں 1810 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
سٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق پاناما کیس سے متعلق جی آئی ٹی میں وزیر اعظم کی طلبی کی خبر کے بعد سے ہی سٹاک مارکیٹ میں سرمایا کار شیئرز کی خریداری کے بجائے اس کی فروخت میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔ دوسری جانب سعودی عرب اور قطر کے درمیان جاری تنازع کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ سے سٹاک مارکیٹ میں آئل کا شعبہ دباؤ کا شکار ہے۔ انہیں دونوں وجوہات کی باعث پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔