اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کے 81 ارب سے زائد ڈوب گئے

Pakistan Stock Exchange

Pakistan Stock Exchange

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج پیر کے روزشدید مندی کی لپیٹ میں رہا اور سرمایہ کاروں کے 81 ارب 80 کروڑ 56 لاکھ 13 ہزار 247 روپے ڈوب گئے۔

ملک کے اقتصادی ٹیم میں تبدیلیوں کے بعد نئے وفاقی بجٹ میں سخت اقدامات کے خدشات، آئی ایم ایف سے بیل آوٹ پیکیج کے لیے جاری مذاکرات میں روپے کی قدر مزید گھٹنے، ڈسکاونٹ ریٹ میں مزید اضافے کے خدشات اور نئے مالی سال کے بجٹ میں 450 سے 500 ارب روپے کے اضافی ٹیکس عائد ہونے کی خبروں نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو اپنی لپیٹ میں لیا، جس سے انڈیکس 3 سال 4 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا۔ مندی کے سبب 76 فیصد حصص کی قیمتیں گر گئیں جب کہ سرمایہ کاروں کے 81 ارب 80 کروڑ 56 لاکھ 13 ہزار 247 روپے ڈوب گئے۔

اسٹاک ایکسچینج کے ماہرین کا کہنا ہے اقتصادی ٹیم میں حالیہ تبدیلیوں کے تناظر میں سرمایہ کاروں کو یہ خدشات لاحق ہوگئے ہیں کہ نئے وفاقی بجٹ میں کیپیٹل مارکیٹ کو کسی قسم کاکوئی ریلیف نہیں ملے گا، یہی منفی عوامل پیر کو اسٹاک مارکیٹ کی نفسیات پر چھائے رہے اور مارکیٹ تنزلی سے دوچارہوئی۔ جب کہ ماہ رمضان المبارک کی آمد کے باعث بھی سرمایہ کاری کے بیشتر شعبوں نے مارکیٹ سے اپنے سرمائے کے انخلا کو ترجیح دیا ہے۔

پیر کے روز کاروباری دورانیئے میں ایک موقع پر 69 پوائنٹس کا اضافہ بھی ہوا لیکن شعبہ جاتی بنیادوں پر حصص کی دھڑادھڑ فروخت کے سبب مندی کے اثرات غالب ہوئے تو نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس517 اشاریہ 53 پوائنٹس کی کمی سے 35605 اشاریہ 42 ہوگیا، جب کہ کے ایس ای30 انڈیکس287 اشاریہ07 پوائنٹس کی کمی سے 16790 اشاریہ 40، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1220 اشاریہ 32 پوائنٹس کی کمی سے 56659 اشاریہ 46 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 252 اشاریہ 09 پوائنٹس کی کمی سے 16964 اشاریہ 87 ہوگیا۔

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 11 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 7 کروڑ 14 لاکھ 18 ہزار 110 حصص کے سودے ہوئے، جب کہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 329 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا، جن میں 60 کے بھاؤ میں اضافہ 250 کے داموں میں کمی اور 19 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ99 روپے بڑھ کر 2097 روپے اور ایگری آٹوانڈسٹری کے بھاؤ 11 روپے 12 پیسے بڑھ کر 233 روپے 88 پیسے ہوگئے، جب کہ سفائرفائیبرکے بھاؤ 35 روپے 17 پیسے کم ہوکر 668 روپے 33 پیسے اور سیمنس پاکستان کے بھاؤ 23 روپے کم ہوکر 680 روپے ہوگئے۔