اسلام آباد (جیوڈیسک) غیر ملکی سرمایا کاروں کی دلچسپی کے باعث ایک ماہ میں پاکستان سٹاک ایکسچینج دنیا کی چوتھی بہترین پرفارمنس دکھانے والی مارکیٹ بن گئی۔
سال 2017ء میں ایشیاء کی بہترین مارکیٹ قرار پانے والی پاکستان سٹاک ایکسچینج 2018ء کے پہلے میں ماہ میں دنیا کی بہترین پرفارم کرنے والی مارکیٹوں میں چوتھے نمبر پر آ چکی ہے جبکہ ویتنام، قطر اور ہانگ کانگ پہلے دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
ایک ماہ میں پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 10 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا۔ ملک میں جاری سیاسی گرما گرمی اور تمام صورتحال کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے غیر ملکی سرمایا کار کافی حد تک سٹاک مارکیٹ کے مستقبل کے حوالے سے مطمئن نظر آتے ہیں جس کا منہ بولتا ثبوت غیر ملکی سرمایا کاروں کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کی جانے والی سرمایا کاری ہے۔
جنوری 2018ء سے اب تک بیرونی سرمایا کار 9 کروڑ 49 لاکھ ڈالر کی سٹاک مارکیٹ میں انویسٹمنٹ کر چکے ہیں۔ انڈیکس میں 4 ہزار پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے۔
سٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق اگر سیاسی سطح پر حالات بہتر ہو جائیں تو پاکستان سٹاک ایکسچینج بلندیوں کے نئے ریکارڈ بھی بنا سکتی ہے۔