کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسیچینج کے 40 فیصد حصص کی نیلامی 15 دسمبر کو بھی نہ ہو سکی۔ عالمی مالیاتی ادارے کی درخواست پر پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 40 فیصد حصص کی نیلامی کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق تاریخ میں توسیع کا فیصلہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے کی درخواست پر کیا گیا۔ سٹاک مارکیٹ انتطامیہ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ تمام دلچسپیاں 22 دسمبر کی شام 4 بجے تک وصول کی جائیں گی اور اسی روز شام 5 بجے تک حتمی اعلان بھی کر دیا جائے گا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شیئرز کی خریداری کے لئے اب تک حتمی 6 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس میں عالمی اور مقامی مالیاتی ادارے شامل ہیں۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج کا قیام رواں برس جنوری میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد سٹاک ایکسچینجز کو یکجا کر کے عمل میں آیا تھا جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ پاکستان سٹاک ایکسیچنج کے 40 فیصد حصص عالمی اور مقامی مالیاتی اداروں کو فروخت کیے جائیں گے۔
جبکہ 20 فیصد شیئرز عوام کے لئے پیش کیے جائیں گے جس سے چھوٹے سرمایا کار بھی سٹاک مارکیٹ کے حصہ دار بن جائیں گے۔