کراچی (جیوڈیسک) کاروبار کے دوران 100 انڈیکس نے تاریخ کی بلند ترین سطح 41 ہزار کی حد کو عبور کیا جبکہ اختتام پر مارکیٹ 444 پوائنٹس کے اضافے سے 40 ہزار 986 پوائنٹس پر بند ہوئی۔
گذشتہ ہفتے پاک بھارت سرحدی کشیدیگی کے باوجود اسٹاک مارکیٹ کے انڈیکس میں 1 اعشاریہ 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا مگر اوسط یومیہ کاروباری حجم 52 کروڑ رہا جو گذشتہ کاروباری ہفتے سے 27 فیصد کم ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ممبران پارلیمان کے ہونے والے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کا بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہونے سے بھی سرمایا کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا۔
اس کےعلاوہ چین کی شنگھائی اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسیچنج کا طویل مدتی سرمایا کار بننے میں دلچسپی کے اظہار سے بھی انویسٹرز کا شیئرز کی خریداری میں رحجان بڑھا۔
واضع رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج اپنے 40 فیصد حصص بیچنے کے لیے غیر ملکی سرمایا کار کا انتخاب کر رہی ہے۔
رواں سال کے آغاز سے شیئر بازار کے انڈیکس میں لگ بھگ 25 فیصد اضافے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا شمار خطے کی بہترین مارکیٹ میں ہونے لگا ہے۔