کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کارجحان، ٹریڈنگ کے دوران 16 سو سے زاید پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ 100 انڈیکس 7 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا۔
پاکستان سٹاک ایکس چینج کے 100 انڈیکس میں آج مندی کے بادل چھائے رہے، ملک میں سیاسی کشمکش، وزیراعظم اور ان کے خاندان کے خلاف اثاثوں کی تحقیقات نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بری طرح مجروع کر رکھا ہے۔ رہی سہی کثر بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل گرتی قیمتوں نے پوری کردی، جو آج سات ماہ کی کم ترین سطح 44 ڈالرفی بیرل تک آگئی ہے۔ جس سے ملکی تیل کے کاروبار سے منسلک کمپنیوں کے منافع میں کمی کے خدشات ہیں۔
یکم جون سے ابھی تک غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان سٹاک ایکسچینج میں اپنے 4 ارب روپے مالیت کے شیئر فروخت کرچکے ہیں۔ جس نے بھی مارکیٹ کے انڈیکس کو کم کرنے میں مدد دی، ان تمام وجوہات نے کے ایس ای 100 انڈیکس کو 7 ماہ کی کم ترین سطح پر لا کھڑا کیا ہے۔