ڈھاکا (جیوڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے بلے باز ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ پاکستان مضبوط ٹیم ہے اس کے خلاف بھی اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
ڈھاکا میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج ٹاکرے کے لئے میدان سج گیا اور دونوں ٹیمیں ہی جیت کے لئے پر عزم ہیں جب کہ بھارتی ٹیم کے ان فارم بیٹسمین ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط ٹیم کے جس کے خلاف اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے، پاکستان سمیت ہر ٹیم کو ایک ہی طرح دیکھتے ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوتا ہے تاہم کوشش ہوگی کہ جس طرح پہلے میچ میں کھیل پیش کیا پاکستان کے خلاف بھی اسی طرح کھیلیں۔
دوسری جانب میرپور کے شیربنگلانیشنل اسٹیڈیم کی پچ بولنگ کے لئے سازگار ہے اور اب تک ہونے والے 3 میچز میں کوئی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اس لئے قومی ٹیم کا انحصار بھی فاسٹ بولنگ لائن پر ہوگا اور اسے محمد عرفان، محمد عامر اور وہاب ریاض جیسے بولر کا ساتھ حاصل ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے بعد محمد عامر کا بھارتی بلے بازوں سے آج پہلا سامنا ہوگا اور ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی میں پہلی بار محمد عامر کا سامنا کریں گے جب کہ وہ محمد عامر کی صلاحیتوں کے معترف بھی ہیں۔