دبئی (جیوڈیسک) غیر ملکی کھلاڑی آئیں یا نہ آئیں پاکستان سپر لیگ ٹو کا فائنل لاہور میں ہی ہو گا، دبئی میں پی ایس ایل انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کے اجلاس میں فیصلہ کر لیا گیا۔ فائنل پانچ مارچ کو ہو گا۔
فائنل لاہور میں کرانے یا نہ کرانےسے متعلق اجلاس دبئی میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق پانچ میں سے 4 فرنچائز کے مالکان اس امرپر متفق تھے کہ پی ایس ایل ٹو کا فائنل لاہور میں ہی ہونا چاہیے جبکہ صرف کراچی کنگز فرنچائز کے مالک نے فائنل لاہور میں کرانے پر تحفظات کا اظہار کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی آئیں یا نہ آئیں، فائنل لاہور میں ہی ہو گا۔
پی سی ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تمام ممالک کو فول پروف سیکورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ فائنل کھیلنے والے ہر غیر ملکی کھلاڑی کو 10 ہزارڈالرز اضافی دئیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق بہت سے غیر ملکی کھلاڑیوں نے لاہور میں فائنل کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
ادھر سابق کرکٹر رمیز راجا کا کہنا ہے کہ یہ ایک اچھا اور مضبوط فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان سپرلیگ کی بقا اسی میں ہے کہ فائنل پاکستان میں ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاید اس سال سارے غیر ملکی کھلاڑی نہ ہوں لیکن آئندہ سال غیرملکی کھلاڑیوں کی تعداد بڑھتی جائے گی۔