دبئی (جیوڈیسک) دوسری پاکستان سپر لیگ کے لیے پانچوں فرنچائز ٹیمیں بدھ کو اپنے کھلاڑیوں کا انتخاب دبئی میں ہونے والی ڈرافٹنگ کے دوران کریں گی۔
دوسری پاکستان سپر لیگ آئندہ سال فروری اور مارچ میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ اس بار اس کا فائنل پاکستان میں کھیلا جائے لیکن اس کا انحصار ملکی صورت حال پر ہوگا۔
پاکستان سپر لیگ میں شریک پانچ فرنچائز ٹیمیں آسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، لاہور قلندر، پشاور زلمی اور کراچی کنگز ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کا پہلا ٹورنامنٹ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مصباح الحق کی قیادت میں جیتا تھا۔
اس بار پانچوں ٹیموں نے اپنے زیادہ تر انہی کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جو پہلی پاکستان سپر لیگ کھیلے تھے تاہم بدھ کو ہونے والی ڈرافٹنگ میں کچھ نئے نام بھی سامنے آنے والے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اور اپنی جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور برینڈن مک کیولم لاہور قلندر میں بحیثیت کپتان شامل ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور قلندر نے اظہر علی کو قیادت کی ذمہ داری سے سبکدوش کر دیا ہے۔ پہلی پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندر کی ٹیم اپنے آٹھ میں سے صرف دو میچز جیتنے میں کامیاب ہو سکی تھی۔
ویسٹ انڈیز کے کرس گیل جنھوں نے پہلے ٹورنامنٹ میں لاہور قلندر کی نمائندگی کی تھی اس بار کراچی کنگز کی جانب سے کھیلیں گے۔
اسی طرح سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا بھی کراچی کنگز کا حصہ ہوں گے۔ پہلے ٹورنامنٹ میں وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سپلیمنٹری کرکٹرز کی کیٹگری میں شامل تھے۔