پاکستان سپر لیگ کی چمکتی دمکتی ٹرافی سے پردہ اٹھ گیا،آج پہلا میچ، شائقین پر جوش

Pakistan Super League

Pakistan Super League

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی لشکارے مارتی ٹرافی کی تقریب رونمائی کپتانوں کی موجودگی میں کر دی گئی۔ ایونٹ جیتنے کے لیے کپتانوں نے اپنا اپنا پلان بتا دیا۔

روشنیوں کے شہر میں کرکٹ سے اجالے ہونے کو بےتاب، پی ایس ایل فائیو ٹرافی سے پردہ اٹھ گیا، رونمائی سکواش پلئیر جان شیر خان نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ رنگا رنگ تقریب میں کی، تمام چھ کے چھ کپتان بھی اس موقع پر موجود تھے، چمچماتی ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن کے بعد ٹیم لیڈرز اپنے پلان بتائے۔

دس لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم والے والے پانچویں سالانہ کرکٹ میلے کا باقاعدہ آغاز آج سے ہو گا، افتتاحی تقریب میں موسیقی کا تڑکا لگے گا جس کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، گزشتہ روز بھی ریہرسل جاری رہی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن رنگا رنگ تقریب کے ساتھ جمعرات سے کراچی میں شروع ہو گا، افتتاحی تقریب شام 6 بجکر 45 منٹ پر منعقد ہوگی جس میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔

350 فنکار فن کا جادو جگائیں گے، گلوکار اپنی آواز اور فنکار اپنے فن اور رقص سے تقریب کو چار چاند لگائیں گے، تقریب میں سیاسی و سماجی سخصیات سمیت چیئرمین پی سی بی احسان مانی، تمام فرنچائز کے مالکان اور تمام ٹیموں کے کپتان شرکت کریں گے۔

افتتاحی تقریب میں فنکار پاپ، راک، صوفی اور علاقائی موسیقی سے شائقین کے جوش کو دوبالہ کریں گے، معروف گلوکار راحت فتح علی خان، ابرار الحق، سجاد علی، صنم ماروی، آئمہ بیگ، ابو محمد، فرید ایاز، سوچ بینڈ، عارف لوہار، علی عظمت، عاصم اظہر اور ہارون اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔

افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔ پی ایس ایل فائیو میں 10 لاکھ امریکی ڈالر کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے، لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور یہ پہلی مرتبہ ہوگا جب پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان کی سرزمین پر کھیلے جائیں گے۔ 2016ء سے شروع ہونے والی لیگ درجہ بدرجہ پاکستان منتقل ہوئی۔

لیگ کے پہلے ایڈیشن کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تاہم ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں ٹورنامنٹ کو پاکستان لانے کا آغاز کیا گیا تھا۔ لیگ میں دنیا بھر کر نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے، مہمان کھلاڑی کے تحفظ کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

شاندار افتتاحی تقریب کے بعد رات 9 بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان افتتاحی میچ کا آغاز ہوگا۔ 21 فروری کو سہ پہر 3 بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سپر لیگ 2020ء: اسلام آباد کیخلاف جیسن رائے اور واٹسن اوپننگ کرینگے: سرفراز احمد

رات 8 بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پہلی مرتبہ لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما ہونگی جن کے درمیان 34 میچز مخلتف وینیو پر کھیلے جائیں گے۔

ابتدائی میچ 20 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، لیگ میں شامل 6 ٹیموں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کرینگے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سرفراز احمد کرینگے، کراچی کنگز کی کمان عماد وسیم کو سونپی گئی ہے ، لاہور قلندرز سہیل اختر کی زیر قیادت میدان میں اترے گی، پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ڈیرن سمی کرینگے جبکہ ملتان سلطانز ٹیم کی قیادت شان مسعود کرینگے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: پی ایس ایل سیزن فائیو کیلئے ٹریفک پولیس نے روٹ پلان جاری کر دیا

لیگ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں مکمل کر لیں گئی ہیں۔ لیگ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل لیگ کے پہلے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں بھی مدمقابل آئی تھیں۔

لیگ میں دنیا بھر کے نامور کرکٹرز شرکت کررہے ہیں۔ امید کی جاری ہے کہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں بھی مداحوں کو سنسنی سے بھر پور میچز دیکھنے کو ملیں گے۔ 21 فروری کو سہ پہر 3 بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ رات 8 بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پہلے میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں شین واٹسن اور جیسن رائے اوپننگ کرینگے۔ ایونٹ کا اچھا آغاز کرنا چاہتے ہیں

پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلا ٹارگٹ پی ایس ایل میں پرفارمنس ہے، فاسٹ باؤلر نسیم شاہ سے امیدیں ہیں وہ باصلاحیت بولر ہیں، ان کی فٹنس پر کام ہورہا ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ عوام پی ایس ایل کی ٹیموں کو بھرپور سپورٹ کررہے ہیں، 4 سال سے بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں، کوشش ہے اعزاز کا دفاع کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر خان سے فٹنس ٹپس لے رہے تھے، پی ایس ایل میرے لیے اہم ہے، پوری توجہ پرفارمنس پر ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے لیکن محمد سمیع کو مس کر رہے ہیں، بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل چکا ہوں اس لیے کپتانی کا دباؤ نہیں ہے۔

شاداب خان کا مزید کہنا تھا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کوعلم ہے کرکٹ پاکستان میں پسند کی جاتی ہے،غیر ملکی پلیئرز پاکستان میں کھیلنے کے لیے بے قرار ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئر مین احسان مانی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بعض میچز ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پشاور میں کرانے کا عندیہ دیدیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ ملکی کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل پاکستانی کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، اتنا بڑا ایونٹ پہلے نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نےگیارہ ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ اب سارا پی ایس ایل پاکستان میں ہو گا، ایک وقت تھا کہ کسی کومعلوم نہیں تھا کہ یہ کیسے ہو گا لیکن سب نےسپورٹ کیا اور آج لیگ مکمل طور پر پاکستان میں ہو رہی ہے۔

چیئر مین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں غیر ملکی پلیئرز نے رجسٹر کیا جس سے دیگر ٹیموں کا اعتماد بحال ہو گا، پاکستان میں لیگ میچز کے انعقاد سے معیشت کو بھی فائدہ ہو گا۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور کراچی نے ہمیشہ پی ایس ایل کو سپورٹ کیا اور لیگ کا افتتاحی میچ یہاں ہونا اس کا اعتراف ہے- اگرخیبر پختونخواہ حکومت نے اس سال ارباب نیاز سٹیڈیم میں ترقیاتی کام مکمل کر لیے تو پشاور میں پی ایس ایل 6 کے میچز ضرورہوں گے-

یاد رہے کہ ارباب نیاز سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کاپراجیکٹ صوبائی حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا ہے جس پر ایک ارب 37 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں اپ گریڈیشن 2021 ء تک مکمل کی جائے گی اور سٹیڈیم پی ایس ایل میچوں کے لئے تیار ہوگا، اپ گریڈیشن میں فور سٹارہاسٹل، سوئمنگ پول، نیشنل کرکٹ اکیڈمی، نیا پویلین، پریس گیلری اور تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش میں اضافہ شامل ہیں سٹیڈیم میں تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش 16 ہزارسے 35 ہزار تک بڑھائی جائے گی۔

صحافی نے ایک سوال کیا کہ ڈیرن سیمی کو اگر پاکستان کی ٹیم میں بھی کھلایا جائے تو کوئی اعتراض نہیں جس پر چیئر مین پی سی بی احسان مانی مسکرا دیئے۔

ملتان سلطان کے مالک عالمگیر ترین کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے لیے ہم نے تسلسل کو آگے لیکر جانا ہے، پاکستان میں تمام میچزچھوٹی بات نہیں، یہ بہت بڑا ایونٹ ہے ہم سب نے ملکر اسے کامیاب بنانا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل پشاور میں ہونا پشاور کے عوام کے لیے خوش خبری ہے، لیگ کی کامیابی پاکستان کے لیے بہت ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستان کے لیے کافی مثبت جذبات رکھتے ہیں اور ان کے لیے اعزازی شہریت کی درخواست کی تھی جو صدر مملکت کی ٹیبل پر موجود ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو شاباش کے انہوں نے کرکٹ واپس لانے کے لے بہت محنت کی، بہت بڑا دن ہے اور سب خوش ہیں۔پشاور کی طرح کوئٹہ میں بھی پی ایس ایل کے میچز ہوں۔

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے علی نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل جب شروع ہوا تھا تو مشن سب کا یہ تھا کہ پاکستان میں کرکٹ واپس لائی جائے، پی ایس ایل جتنی جلدی کامیاب ہوئی اور جتنی کامیابی حاصل کی وہ خوش آئند ہے۔ ملک کی ترقی میں ہیروز کا ہونا بہت ضروری ہے، ماضی کے ہیروز کو عزت دیں گے تو نئے لوگ بھی ہیرو بنیں گے۔

لاہور قلندر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عاطف رانا نے کہا کہ پی سی بی کی کاوش کے بغیر یہ لیگ ممکن نہیں ہوسکتی تھی، قلندرز کی ٹیم پہلی بار اپنے ہوم گراؤنڈ لاہور میں کھیل رہی ہے۔ جب لیگ پاکستان میں نہیں تھی تو قلندرز نے شہر شہر لیگ کو زندہ رکھا۔

اس دوران لیگ کے کامیاب انعقاد پر عاطف رانا کی درخواست پر تمام فرنچائز مالکان نے کھڑے ہوکر احسان مانی کا شکریہ ادا کیا۔