دبئی (جیوڈیسک) پاکستان سپر لیگ کھیلنے والی پشاور زلمی نے شاہد آفریدی کی جگہ ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر ڈیرن سیمی کو کپتان مقرر کیا ہے۔
پشاور زلمی نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینیئر بیٹسمین یونس خان کو ٹیم کی رہنمائی کی ذمہ داری سونپتے ہوئے بیٹنگ کنسلٹنٹ بھی مقرر کیا ہے۔
مورگن، بریتھ ویٹ اور نارائن پاکستان سپر لیگ کھیلیں گے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن میں مک کیولم لاہور اور گیل کراچی سے کھیلیں گے اس بات کا اعلان خود شاہد آفریدی نے دبئی میں پاکستان سپر لیگ کی ڈرافٹنگ کی تقریب کے دوران کیا۔
شاہد آفریدی نے اس موقع پر یونس خان اور ڈیرن سیمی کو سٹیج پر مدعو کیا اور ڈیرن سیمی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے کرکٹ بورڈ نے آپ کی عزت نہیں کی لیکن ہمیں پتہ ہے کہ عزت کیسے کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ ڈیرن سیمی کی قیادت میں ویسٹ انڈیز نے اس سال انڈیا میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتا تھا۔
فائنل کے اختتام پر ڈیرن سیمی نے جذباتی انداز میں تقریر کرتے ہوئے اپنے کرکٹ بورڈ پر تنقید کی تھی کہ وہ مبینہ طور پر اپنے کھلاڑیوں کا خیال رکھنے میں ناکام رہا ہے۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فوراً بعد ڈیرن سیمی کو نہ صرف کپتانی سے ہٹادیا گیا تھا بلکہ انھیں عام کھلاڑی کی حیثیت سے بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔