پاکستان میں سوزوکی کلٹس گاڑی کا نیا ماڈل متعارف

Cultus

Cultus

لاہور (جیوڈیسک) پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے کلٹس کا نیا ماڈل مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش کر دیا۔ سوزوکی کی مشہور گاڑی کلٹس کا جدید اور دلکش ماڈل اتوار کے روز سے ملک کے 110 سوزوکی آؤٹ لیٹس پر فری ٹیسٹ ڈرائیو کیلئے دستیاب ہو گا۔

جی ایم مارکیٹنگ اعظم مرزا نے بتایا کہ کلٹس کے نئے ماڈل میں سات رنگ، جدید کے ٹین بی انجن، ائیر بیگ، اے بی ایس بریک اور کی لیس انٹری کی سہولیات متعارف کرائی گئیں ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نئی کلٹس مارکیٹ میں موجود تمام ہزار سی سی گاڑیوں سے بہتر مائلیج فراہم کرے گی۔

نئی کلٹس کی تعارفی قیمت کا آغاز اس کے جدید فیچرز کو مد نظر رکھتے ہوئے 12 لاکھ 50 ہزار سے کیا گیا ہے۔ لانچنگ تقریب میں ایم ڈی سوزوکی پاکستان ہیروفومن نگاؤ اور جی ایم سپلائی چین غلام فاروق سمیت دیگر نے شرکت کی۔

1000 سی سی انجن کی طاقت کی حامل یہ گاڑی سیلیریو کے نام سے پڑوسی ملک بھارت اور تھائی لینڈ میں بھی متعارف کروائی جا چکی ہے۔ واضح رہے کہ پاک سوزوکی نے پرانے ماڈل والی کلٹس گاڑیوںکی بکنگ یکم فروری سے بند کر دی تھی۔

سوزوکی نے سن 2000 میں اپنے ماڈل ’خیبر‘ کی جگہ ’کلٹس‘ متعارف کرائی تھی جو خاصی کامیاب رہی تھی۔ کمپنی نے مقامی سطح پر اپنے ماڈل مہران 800 سی سی کو 2018 تک سوزوکی آلٹو 660 سی سی سے تبدیل کرنے کا اعلان بھی کررکھا ہے۔