دوشنبے (جیوڈیسک) پاکستان اور تاجکستان نے دہشتگردی کیخلاف تعاون کو فروغ دینے اور سلامتی کونسل میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کے دورہ تاجکستان کا مشترکا اعلامیہ جاری کیا گیاہے، جس کے مطابق دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیاہے۔ اعلامیے میں کہا گیاہے کہ اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے فضائی،زمینی اور ریل کے راستے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
اس مقصد کیلئے پاکستان، افغانستان، تاجکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کا سہ فریقی معاہدہ جلدمکمل کرنے پرزور دیا گیا۔ دونوں ملکوں نے انسداد دہشتگردی کیلئے 2 طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا عزم ظاہر کیاہے ، پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت کیلئے تاجکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کیاہے۔