واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا کا کہنا ہے کہ وہ افغانستان کے مسئلے پر مسلسل پاکستان سے رابطے میں ہے، پاکستان کی بھی طالبان سے وہی توقعات ہیں جوعالمی برادری اور امریکا کی ہیں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستانی رہنماؤں اور ہم منصبوں کے ساتھ رابطہ جاری ہے، رابطوں میں افغانستان کی صورتحال کا تفصیل سے ذکر ہوا، پاکستان کے نمائندے گزشتہ ہفتے جرمنی میں بھی موجود تھے، سب متفق ہیں کہ افغانستان میں گزشتہ 20برس کےحاصل کردہ فوائد ضائع نہ ہوں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ خصوصاً افغان خواتین، لڑکیوں کی تعلیم اور اقلیتوں کے حقوق متاثر نہ ہوں، افغانستان میں حاصل کردہ فوائد کا تحفظ ہم سب کے مفاد میں ہے، پاکستان کی بھی طالبان سے وہی توقعات ہیں جوعالمی برادری اور امریکا کی ہیں، ان توقعات میں کابل سے نکلنے والوں کو محفوظ راہداری دینا بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھی یہی کہا کہ افغانستان میں وسیع اور اشتراکی حکومت بننی چاہیے، پاکستان اور خطے کے دوسرے ممالک کو دیکھ رہےہیں کہ وہ اپنے بیانات اور وعدوں پر قائم رہیں، ان وعدوں میں افغان عوام کی سپورٹ بھی شامل ہے، اس مقصد کے لیے مثبت و تعمیری کردار ادا کیا جائے۔