اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے حکومت اور طالبان کے مذاکرات نا کام ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ عمران خان کا کہنا ہے مذاکراتی عمل کے دوران ہونے والے دھماکے مذاکرات بند کرنے کا سبب بنیں گے۔
امریکی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا پاکستان کے طالبان جنگجوؤں کے ساتھ امن مذاکرات نا کام ہو جانے کے امکانات ہیں جبکہ فوجی آپریشن سے دہشت گردی مزید بڑھ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل کے دوران تین سے چار بڑے دھماکے اور دہشت گرد حملے ہونے کا امکان ہے جس کے بعد مذاکرات ختم کر دیئے جائیں گے۔
تحریک انصاف کے چئیر مین نے کہا اگر امریکہ ڈرون حملے بند کرنے کا اعلان کرتا ہے تو مذاکرات معنی خیز ہو جائیں گے۔ نومبر میں امریکی ڈرون حملے کی وجہ سے مذاکرات کی کوششیں نا کام ہو گئی تھی۔
انہوں نے کہا امریکا افغانستان سے نکلتے ہوئے پاکستان میں امن نہیں چاہتا ہے۔ طالبان کی جانب سے شریعت کے نفاذ کے مطالبے پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ وہ طالبان کے نمائندے نہیں۔