اسلام آباد (جیوڈیسک) 1992 میں پاکستان کو ورلڈ کپ کا تحفہ دینے والے سابق کپتان عمران خان نے بھارت کے ہاتھوں شکست پر پاکستانی کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے آج ٹیلنٹ کا مظاہرہ کیا۔ پاکستانی ٹیم کو بھارت سے ہار پر دل شکستہ نہیں ہونا چاہیے۔
شکست کا درست تجزیہ کیا جائے تو فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ عمران خان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کیخلاف میچ میں بہتر پلاننگ ہونی چاہیے تھی۔ میگا ایونٹ کے آئندہ میچوں میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ آئندہ میچوں کیلئے بہتر منصوبہ بندی کی جائے۔ پاکستانیوں کو آج میچ ہارنے پر مایوس اور دلبرداشتہ نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ پاکستانی بلے باز اچھا سکور کریں تو محمد عرفان، سہیل خان، اور وہاب ریاض اچھا دفاع کر سکتے ہیں۔ واضع رہے کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے 1992ء میں ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ 1992ء کے میگا ایونٹ کے آغاز پر پاکستانی ٹیم کو کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی تھی۔ کرکٹ کے پنڈتوں کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ بظاہر ایک کمزور ٹیم عالمی کپ بھی اپنے نام کر سکتی ہے لیکن عمران خان کی کپتانی میں ایک ناتجربہ کار ٹیم نے یہ غلط ثابت کر دکھایا۔