دبئی (جیوڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیمیں دو دو ہاتھ کیلئے تیار ہیں، پاکستان ٹیم دبئی پہنچ گئی۔
ٹیم آج گلوبل اکیڈمی میں پریکٹس کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز 5اکتوبر کو واحد ٹی 20میچ سے ہو گا۔ پاکستان کی ون ڈے اور ٹی 20ٹیمیں لاہور سے متحدہ عرب امارات پہنچیں، جہاں آسٹریلوی ٹیم پہلے سے ہی ان کی منتظر تھی۔
قومی ٹیم کی مختصر فارمیٹ میں تو قیادت شاہد آفریدی کریں گے، جبکہ ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم مصباح الحق کی کپتانی میں میدان میں اترے گی۔ پاکستانی اسکواڈ میں شامل محمد حفیظ، احمد شہزاد، عمر اکمل، وہاب ریاض اور سعد نسیم بھارت میں چیمپیئنز لیگ کی مصروفیت کے باعث ٹیم کے ہمراہ روانہ نہیں ہوسکے تھے۔البتہ آج رات ہی کو وہ بھی متحدہ عرب امارات پہنچ جائیں گے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی میچ پانچ اکتوبر کو ہوگا،جس کے بعد ون ڈے میچز کی سیریز 7اکتوبر سے شروع ہو گی۔ دوسری جانب کینگروز نے گلوبل اکیڈمی میں پریکٹس کی ہے۔