ساؤتھمپٹن (جیوڈیسک) پاکستان ٹیم مینجمنٹ کی توجہ دورہ انگلینڈ میں صرف عامر تک محدود ہوکر رہ گئی، ہر کسی کا بیان فاسٹ بولر سے شروع ہوکر انہی پر ختم ہورہا ہے، ٹیم منیجر انتخاب عالم نے تین ہفتے قبل ہی لارڈز ٹیسٹ کی الیون میں عامر کی شمولیت کی تصدیق کردی۔
ان کے مطابق نوجوان پیسر ذہنی طور پر اس ٹور کیلیے پوری طرح تیار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم انگلینڈ میں میزبان سائیڈ سے مشکل ترین سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہے تاہم روانگی سے اب تک بورڈ اور مینجمنٹ کی توجہ کا مرکز صرف عامر ہی بنے ہوئے ہیں، ان سب کے بیانات فاسٹ بولر سے شروع ہو کر انہی پر ختم ہوجاتے ہیں، مکمل طور پر پیسر پر ہی انحصار کیا جا رہا ہے۔
ٹیم منیجر انتخاب عالم نے ایک انٹرویو میںکہاکہ ابھی پہلے ٹیسٹ میں کچھ وقت ہے، ہمیں اس سے پہلے 2 وارم اپ میچز کھیلنے ہیں مگرہم محسوس کرتے ہیں کہ محمد عامر لارڈز میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے کیلیے پوری طرح تیار ہیں،ہم ان کی واپسی سے متعلق صورتحال سے اچھی طرح واقف ہیں، وہ خود کو اچھی طرح کنٹرول کرپائیں گے، یہ پہلا موقع نہیں جب وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی پر کسی دوسرے ملک کا دورہ کررہے ہوں،وہ اس سے قبل بھی انگلینڈ میں کھیل چکے ہیں۔
سیریز میں پاکستان کو زیادہ تجربہ کار پیس اٹیک کا ساتھ حاصل نہیں ہے، اس کے باوجود انتخاب عالم کو امید ہے کہ وہ حریف سائیڈ کو صدمہ پہنچانے میں کامیاب رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ گذشتہ انگلش ٹور کے مقابلے میں موجودہ اٹیک زیادہ تجربہ کار نہیں،اس کے باوجود پلیئرز اچھی بولنگ کررہے ہیں، سب جسمانی طور پر فٹ اور حریف بیٹسمینوں کو ٹف ٹائم دینے کے لیے تیار ہیں۔