میانوالی (سٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیکنیکل ڈرافٹسمین فیڈریشن کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری، گذشتہ روز چیئرمین ڈرافٹس مین فیڈریشن حاجی عالمگیر کی قیادت میں یونین کے عہدیداروں صدر عامر عزیز خان، چیئرمین ریونیو سٹاف حاجی امان اللہ خان، ممتاز خان صدر ڈپلومہ انجینئر فیڈریشن کے ہمراہ مختلف سرکاری دفاتر میں احتجاجی مارچ کیا۔
احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین حاجی عالم گیر نے کہا کہ دیگر ملازمین کی طرح ٹیکنیکل سٹاف کی اپ گریڈیشن اور سکیل میں اضافہ ہمارا حق ہے اگر حکومت نے اپنا رویہ نہ بدلا اور ہمارے مطالبات کو عملی جامع نہ پہنایا تو ہمارا احتجاج اقتدار کے ایوانوں تک پہنچ جائیگا۔
عامر عزیزخان نے کہا کہ حقوق کی جنگ کیلئے فیڈریشن ملازمین کے شانہ بشانہ اقدامات اٹھارہی ہے۔ مطالبات کی منظوری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔چیئرمین ریونیو سٹاف حاجی امان اللہ خان نے کہا کہ حکومت ملازمین کے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ بند کرے۔
ٹیکنیکل سٹاف کو بھی انکا پورا پورا حق دے۔ ہم حق حاصل کرنا جانتے ہیں اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ مظاہرہ میں سینکڑوں افراد نے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کی اور پلے کارڈ اٹھاکر پرامن احتجاج کیا۔