اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ قومی وطن پارٹی کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے معزول وزیر صنعت بخت بیدار کی جانب سے دائر کیا گیا تھا۔ عمران خان کے وکیل قاضی انور اور عامر ایڈووکیٹ پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ بخت بیدار کو عہدے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہٹایا ہے۔
اس برطرفی میں عمران خان کا کوئی کردار نہیں۔ وزیراعلیٰ یہ استحقاق رکھتے ہیں کہ کسی بھی وزیر کو عہدے سے ہٹادیں یا وزارت تبدیل کر دیں۔ بخت بیدار خان کی طرف سے بابر یوسفزئی اور کفایت اللہ نے عدالت میں دلائل دئیے کہ ان کے موکل کی برطرفی عمران خان کی ہدایت پر کی گئی جبکہ عمران خان نے سوشل میڈیا اور ٹوئٹر پر بخت بیدار کے حوالے سے پیغام بھی دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شیبر خان نے دونوں طرف کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ کیس کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں فیصلہ 22 مارچ کو کیا جائیگا۔