کراچی (اسپورٹس رپورٹر) بلو موومنٹ فٹ بال کلب نواب شاہ کے زیر اہتمام ٹیلی نار موبائل کمپنی کے تعاون سے نواب شاہ میونسپل اسیڈیم پر جاری آل پاکستان عبدالرشید قریشی ٹیلی نار فٹ بال ٹرافی میں دو کوارٹر فائنل مقابلوں کے فیصلے ہوگئے۔
پہلے کوارٹر فائنل معرکہ میں میزبان بلو موومنٹ فٹ بال کلب نواب شاہ نے مد مقابل ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم حسنین ہزارہ کلب کوئٹہ کو عمدہ کھیل کی بدولت 3-0سے شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
حسنین ہزارہ کے فارورڈ نے بھر پور کوشش کی لیکن بلو موومنٹ کی شاندار دفاعی لائن کی مضبوطی کے باعث وہ کوئی گول اسکور کرنے میں ناکام رہے ۔دوسرے کوارڈٹر فائنل معرکہ میں بلوچ کلب گوادر نے سہراب گرین کلب کوئٹہ کو سڈن ڈیتھ پر 11-10سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا دوران کھیل کوئی بھی ٹیم گول اسکور کرنے میں ناکام رہی۔
کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض نیشنل ریفری ستار بادانی ،نصیر عمر بلوچ ،جہانگیر خان نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر رائو نعیم بلو اور میڈیا کوارڈینٹر اسحاق عثمان تھے۔