پاکستان تمام دہشت گردوں کیخلاف بلاتفریق آپریشن کر رہا ہے: دفتر خارجہ

Tasneem Aslam

Tasneem Aslam

اسلام آباد (جیوڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مشیر خارجہ نے تاریخی پس منظر میں بات کی تھی۔ آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی ہو رہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا پاکستان نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی کیلئے جن شدت پسندوں سے خطرہ نہیں انہیں نشانہ کیوں بنائیں۔ حقانی نیٹ ورک افغان طالبان کا حصہ اور افغانستان کا مسئلہ ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا تھا آپریشن ضرب عضب میں طالبان کو ہدف بنانا مقصد نہیں اس کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے انفراسڑکچر اور صلاحیت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

پاک فوج کو اس میں کافی حد تک کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے۔ مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا اور افغان حکومت کو مل کر وہاں کے طالبان کے خطرے سے نمٹنا ہو گا۔ دوسری جانب پاکستان اپنی ترجیحات کو دیکھتے ہوئے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا۔