کراچی (جیوڈیسک) برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ بھارت بلوچستان اور افغانستان کے راستے پاکستان کے اندورنی معاملات میں مداخلت کرتا رہا ہے۔
دہشت گردی کے واقعات میں را کا ہاتھ ضرور نظر آتا ہے، جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ اگر بھارت یہ سمجھتا ہے وہ دوسرے ملک میں آگ لگائے گا اور اس کا اپنا گھر نہیں جلے گا تو یہ غلط فہمی ہو گی۔ پاکستان، بھارت، افغانستان، ایران اور چین ایک ہمسائیگی کا حصہ ہیں. اگر پاکستان میں آگ لگے کی تو نقصان پڑوسی کو ضرور پہنچے گا۔
ایک سوال کے جواب میں حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے حکومتی ڈھانچوں اور عوام میں ایسے عناصر پائے جاتے ہیں جو امن کے حق میں نہیں۔ جب بھی دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر بات چیت کے امکانات پیدا ہوئے، کوئی نہ کوئی واقعہ ہو جاتا ہے اور ہمیں ایک قدم آگے دو قدم پیچھے کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔