اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا ہے علاقائی تنازعات، دہشتگردی اور انتہا پسندی ایشیائی خطے کی ترقی میں رکاوٹ ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہم نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کہتے ہیں خطے کے عوام قدرتی وسائل سے پوری طرح مستفید نہیں ہو رہے۔ اسلام آباد میں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے قیام سے متعلق خصوصی کمیٹی اور سیاسی امور کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بھارت سمیت 23 ملکوں کے 70 سے زیادہ مندوبین شریک ہوئے۔
قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے شرکا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا خطے کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، علاقائی تنازعات، دہشتگردی اور انتہا پسندی خطے کی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔
چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے اپنے خطاب میں کہا ایشیا کے عوام کو غربت اور دہشتگردی جیسے مسائل کا سامنا ہے، خطے کے عوام قدرتی وسائل سے پوری طرح مستفید نہیں ہو رہے۔
رضا ربانی نے کہا ایشیا ہمیشہ سے سامراجیت کا شکار رہا، ایشیا کو اب صرف اپنے بارے میں سوچنا ہو گا۔