پاکستان بار کونسل کی کال پر ملک بھر میں وکلا کی ہڑتال

 Lawyers Strike

Lawyers Strike

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں پاکستان بار کونسل کی کال پر ملک بھر میں وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ہے۔ ہزاروں مقدمات کی سماعت نہ ہو سکی، سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر وکلا پر تشدد کے خلاف پاکستان بار کونسل نے ہڑتال کی اپیل کی جس کے باعث آج ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں وکیلوں نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے۔

جڑواں شہروں میں سپریم کورٹ، ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جس کی وجہ سے مقدمات کی سماعت ملتوی ہو گئی۔ لاہور، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وکلا کی ہڑتال کے باعث کیسز کی سماعت نہیں ہو رہی۔

کراچی میں ہڑتال کے باعث ہائیکورٹ، سٹی کورٹ، ملیر کوٹ اور دیگر عدالتوں میں ہزاروں مقدمات کی سماعت التوا کا شکار ہو گئی۔ عدالتوں میں کام نہ ہونے کی وجہ سے سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اس کے علاوہ پشاور، کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے تمام شہروں میں وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ہے۔ گزشتہ روزاسلام آباد میں وکلا نے تشدد کے بعد دھرنا دیا۔ تاہم اسلام آباد انتظامیہ اور احتجاج کرنے والے وکلا کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد وکلا نے سپریم کورٹ کے باہر دھرنا ختم کر دیا۔