ہرارے (جیوڈیسک) تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں پاکستان نے میزبان زمبابوے کو 7 وکٹوں کے شکست دے کر تین میچز پر مشتمل سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
زمبابوے کے ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے فیصلہ کن میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لئے 162 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں قومی ٹیم نے محتاط انداز اپناتے ہوئے ہدف 34 اوورز میں حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے بلال آصف اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور 58 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا نوجوان بلال آصف ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنا کرآوٹ ہوئے جب کہ احمد شہزاد نے 32 اور محمد حفیظ نے 13 رنز بنا سکے،اسد شفیق 38 اور شعیب ملک 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ زمبابوے کی جانب سے سین ولیم، جان نیمبو اور تیناشے پنینگارا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر بلال آصف کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اس سے قبل پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کرپہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو زمبابوے کی پوری ٹیم 38.5 اوورز میں 161 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، چھمو چھی بھابھا اور رچمنڈ متمبامی نے ٹیم کو 89 رنزکا عمدہ آغاز فراہم کیا مگر بلال آصف نے ان کی پارٹنرشپ کو توڑتے ہوئے چھی بھابھا کو 48 رنز پرآوٹ کیا۔
اس کے بعد سین ولیمس کو 5 رنز، سکندر رضا کو 2 اور کپتان ایلٹن کو بغیر کوئی رنز بنائے پویلین بھیج دیا، بی بی چھاری بھی 4 رنز بنا کر عماد وسیم کا نشانہ بنے اوربلال آصف نے موتم بوزی کو 4 رنز پر بولڈ کرکے اپنے کیرئیر کے دوسرے میچ میں ہی 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ اوپننگ بیٹسمین رچمنڈ متمبامی اور محمد عرفان کے درمیان دلچسپ مکالمہ جاری رہا اس دوران رچمنڈ باونسر لگنے سے گرپڑے۔
مگر وہ کریز پر موجود رہے تاہم 67 رنز پر عرفان نے انہیں کپتان سرفراز کے ہاتھوں آوٹ کرادیا اور اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہ رک سکامیل کولم والر 8، پانیانگرا کو صفر رنز پر عماد وسیم کا نشانہ بنے جب کہ آخری وکٹ شعیب ملک کے حصے میں آئی۔
پاکستان کی جانب سے دوسرا میچ کھیلنے والے بلال آصف نے 5، نوجوان کھلاڑی عماد وسیم 3، محمد عرفان اور شعیب ملک نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں زمبابوے نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے ذریعے پاکستان کو 5 رنز سے شکست دی تھی۔