سنچورین (اصل میڈیا ڈیسک) جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔
سنچورین میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر پاکستان نے 320 رنز بنائے اور ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 292 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 112 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، امام الحق 112 کے مجموعے پر 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان نے کپتان بابر اعظم کے ہمراہ ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اپنی سنچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ فخر زمان 101 رنز بنا کر مہاراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم نے بھی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 82 گیندوں پر 94 رنز بنا کر میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے، آخر لمحات میں حسن علی نے جارحانہ اننگز کھیلی 11 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔
پاکستانی ٹیم نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے ہیں۔
جنوبی افریقا کی جانب سے مہاراج 3 اور مکرام 2 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کا آغاز بھی مناسب رہا اور اوپنر نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 54 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے جانیمن ملان 70 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ کائل ویرنے 62 ،اینڈائل فیلوکوائیو نے 54 ، ٹمباباووما 20 اور کیشو مہاراج نے 19 رنز بنائے، ایڈین مارکرام 18 ، جے جے اسموٹس 17 رنز بناسکے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے3 اور حارث رؤف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے میزبان جنوبی افریقا کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔