پاکستان (جیوڈیسک) پاکستان کے چالیس سے زائد تاجر نائیجیریا میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے کل نائیجیریا روانہ ہو رہے ہیں۔ نو روزہ دورے میں پاکستانی تاجر ٹیکسٹائل، زراعت، ہسپتالوں کے آلات سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے حکمت عملی ترتیب دیں گے۔ پاکستان میں میں موجود نائیجیریا کے سفیر دادا دانال دی آئندہ دو سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم دو بلین ڈالرزتک پہنچانا چاہتے ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے پاکستان بھر کے تاجروں کا نائجیریا کا نو روزہ دورہ تشکیل دیا ہے۔
نائیجیریا کے سفیر کے مطابق پاکستان اور نائجیریا کے درمیان جوائنٹ کمیشن تشکیل کے مراحل میں ہے جبکہ نائجیریا پاکستان سے ٹیکسٹائل اور ہسپتال کے آلات حاصل کرنے کا خواہشمند ہے۔ دادا دانال دی نے تاجروں کے نائیجیریا کے دورے سے پہلے پاکستان بھر کی ٹیکسٹائل انڈسٹریز اور سیالکوٹ میں کھیلوں کی مصنوعا ت بنانے والی فیکٹریوں کا بھی دورہ کیا۔ نائیجیرین سفر کے مطابق وہ پاکستان میں فٹ بال کے کھیل کے فروغ کے لئے بھی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں۔ کیمرا مین سردار فیصل کے ساتھ جہاں زیب علی، اے آر وائی نیوز، اسلام آباد۔