اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکی امن، سیکورٹی اور استحکام کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے، ترک حکومت نے جمہوریت کی سربلندی کے لیے نئی تاریخ رقم کی۔
ون آن ون ملاقات کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ وزیر اعظم نوا زشریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات باہمی اعتماد اور محبت پر مبنی ہیں۔ پاکستان اور ترکی تعلقات مزید مستحکم بنانے پر متفق ہیں ، دونوں ملک تجارتی تعلقات کو بھی آگے بڑھائیں گے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ترک حکومت نے جمہوریت کی سربلندی کے لیے نئی تاریخ رقم کی ، ترکی کے عوام نے جمہوریت پر حملہ ناکام بنایا۔
مشترکہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن پر گہری نظر اور صورتحال پر تشویش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سے ہر قسم کا تعاون کرینگے۔
ترک صدر طیب اردوان نے کہا کہ 2017 تک پاکستان اور ترکی آزادانہ تجارت کا معاہدہ کر لیں گے۔