اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور ترکی نے دفاعی تعلقات بڑھانے اور دونوں ملکوں کا مستقبل محفوظ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مختلف شعبوں میں شراکت داری قائم کریں گے۔ ترک وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ہر سطح پر تعاون جاری رکھیں گے۔
اسلام آباد میں ملاقات کے بعد دونوں وزرائے اعظم نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ وزیراعظم محدم نواز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں شراکت داری قائم کرنا ہو گی۔ ترک کمپنیوں کیلئے یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ریل سروس دونوں ملکوں کے تعلقات میں اضافے کا باعث بنے گی۔ دفاعی تعلقات بھی بڑھا رہے ہیں۔ ترک وزیراعظم طیب اردوان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا بھائی ہے۔
ہر سطح پر تعاون جاری رکھیں اور اسے آگے بڑھائیں گے۔ دونوں ملکوں کا مستقبل محفوظ بنایا جائے گا۔ اس سے پہلے دونوں وزرائے اعظم کی ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان افرادی قوت کی ترقی، تربیت، ٹیکنالوجی کے تبادلے، کھیلوں کے شعبے میں تعاون، وفود کے تبادلے اور قدرتی آفات سے نمٹنے میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔