کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سے پہلی بار متحدہ عرب امارات کو سمندری راستے کے ذریعے سبزیوں کی برآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مختلف اقسام کی سبزیوں پر مشتمل 25 ٹن کی کھیپ روانہ کر دی گئی۔
سمندری راستے سے سبزیاں برآمد کرنے والی کمپنی درانی ایسوسی ایٹس کے ڈائریکٹر بابر درانی کے مطابق اس سے قبل متحدہ عرب امارات کو محض فضائی راستے کے ذریعے سبزیاں برآمد کی جاتی تھیں۔
جس پر زیادہ اخراجات آتے تھے، تاہم اب سمندری راستے کے ذریعے عرب امارات کو سبزیوں کی برآمد سے نہ صرف برآمدی لاگت میں کمی آئے گی بلکہ اب چھوٹے برآمد کنندگان بھی عرب امارات کو سہولت کے ساتھ سبزیاں برآمد کرسکیں گے۔
سمندری راستے کے ذریعے عرب امارات کو سبزیوں کی پہلی کھپ درانی ایسوسی ایٹس کی جانب سے بھیجی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب امارات کو فضائی راستے کے ذریعے سبزیو ںکی برآمد پر ایک ہزار امریکی ڈالر کے اخراجات آتے ہیں۔
جبکہ سمندری راستے کے ذریعے سبزیوں کی برآمد پر محض 40 ڈالر فی ٹن کے اخراجات آئیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عرب امارات کا شمار پھلوں اور سبزیوں کی برآمد کے حوالے سے ہائی ویلیو مارکیٹ میں نہیں کیا جاتا ہے، اس لیے برآمدی اخراجات میں کمی سے نہ صرف برآمد کنندگان کو فائدہ ہو گا بلکہ ملک کیلیے قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں بھی اضافہ ہو گا۔