لاہور (جیوڈیسک) پاکستان انڈر 19 ٹیم نے افغانستان انڈر 19 کو پہلے ون ڈے میچ میں آٹھ وکٹ سے شکست دیدی۔ گرین شرٹس نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونیوالے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں مہمان افغان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 180 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ حشمت اللہ 58 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے کامران غلام نے 4 اور ظفر گوہر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستانی انڈر 19 ٹیم نے مقررہ ہدف دو وکٹ پر 31 ویں اوور میں پورا کر لیا۔
امام الحق نے 106 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ سعود شکیل 53 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاندار سنچری اسکور کرنے پر امام الحق کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔