پاکستان کے تحت متبادل توانائی پر تین روزہ تیسری عالمی نمائش و کانفرنس یکم نومبر سے 3 نومبر تک ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوگی
Posted on September 24, 2013 By Geo Urdu کراچی
کراچی رنیوبیل انرجی ایسوسی ایشن آف پاکستان (کراچی چیپٹر) کے تحت متبادل توانائی پر تین روزہ تیسری عالمی نمائش و کانفرنس یکم نومبر سے 3 نومبر تک ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوگی جس میں کئی ممالک سے متبادل توانائی کے ادارے شرکت کریں گے۔ یہ بات ریپ کراچی کے چیئرمین محمد عباس ساجد نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نائب صدر شاف محبوب اور ریپ کے دیگر عہد یداران بھی موجود تھے عباس ساجد نے بتایا کہ توانائی کے اس سنگین بحران میں متبادل توانائی کا فروغ اہم ضرورت ہے۔
اور یہ توانائی کم خرچ اور ماحول دوست ہے انہوں نے بتایا کہ تمام ترقی یافتہ ممالک میں اور پڑوسی ملک بھارت میں متبادل توانائی کو تیزی سے فروغ دیا جا رہا ہے اور پاکستان میں ہوا، سورج، پانی اور دیگر ذرائع سے 60 ہزار میگاواٹ بجلی سالانہ پیدا کی جا سکتی ہے اور اس میں سرما یہ کار بھی دلچسپی لے رہے ہیں اور اس ایونٹ کا مقصد اس شعبے میں کاروباری مواقع پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس نمائش کیلئے اب تک 80 سے زائد ملکی و غیر ملکی اداروں نے شرکت کیلئے رضا مندی ظاہر کردی ہے اور توقع ہے کہ 200سے زائد ادارے اس ایونٹ میں شرکت کریں گے اور کانفرنس کیلئے غیر ملکی ماہرین، منذوبین ماہرین اور پورے ملک سے آرکیٹکٹ بلڈرز انجینئرز، کنٹریکٹرز، اعلیٰ سرکاری حکام اور انجینئرز کی بڑی تعداد شرکت کریگی عباس ساجد نے بتایا کہ اس ایونٹ کیلئے جرمن کے ٹیکنیکل ادارے جی آئی زیڈ متبادل توانائی بورڈ اور پاکستان پلمبنگ سوسائٹی نے تعاون کیا ہے۔