نیویارک (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف کے صدر اوباما سے ملاقات میں ڈرون کا معاملہ اٹھانے کے بعد اب پاکستان نے اقوام متحدہ سے ایک بار پھر ڈرون حملے بند کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی انسانی حقوق کی کمیٹی کی بحث میں حصہ لیتے ہوئے پاکستانی مندوب مسعود خان نے کہا پاکستان میں ڈرون حملوں کے بعد دہشت گردوں کی طرف سے جوابی کارروائی کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں میں بے گناہ شہری بھی مارے جاتے ہیں جس سے پاکستان میں رائے عامہ ”بنیاد پرستانہ” ہونے لگی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکا پاکستان کے مطالبے پر فوری عمل کرے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے بھی دورہ واشنگٹن میں صدر براک اوباما سے ملاقات میں ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن امریکی صدر نے چپ سادھ لی۔