اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے بلوچستان میں ڈرون حملے پر تین قریبی دوست ممالک کو اعتماد میں لے لیا، سیکریٹری خارجہ کی ترکی، سعودی عرب اور چین کے سفیروں کو صورتحال پر بریفنگ، اعزاز چودھری کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ڈرون حملے نے افغانستان میں مفاہمت اور امن عمل کا منظرنامہ بدل دیا ہے۔
دفتر خارجہ میں سعودی عرب، ترکی اور چین کے سفیروں نے سیکریٹری خارجہ اعزاز چودھری سے الگ الگ ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکریٹری خارجہ نے سفراء کو ملا اختر منصور کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری خارجہ نے سفیروں کو بتایا کہ بلوچستا ن میں ڈرون حملے نے افغان امن عمل کا منظر نامہ بدل دیا ہے۔ ملا اختر منصور کی ہلاکت سے امن عمل پر مضر اثرات مرتب ہوں گے۔