کراچی (جیوڈیسک) گوگل نے بتایا ہے جنگ پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا اخبار ہے جبکہ سیاسی شخصیات میں لوگوں کو مریم نواز کی تلاش سب سے زیادہ رہی اور ڈراموں میں میرا سلطان سب پر بازی لے گیا۔
گوگل نے اپنی سالانہ رپورٹ میں 2013 کے دوران پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے رجحانات کی فہرست جاری کی ہے۔ فہرست کے مطابق روزنامہ جنگ پاکستان کا واحد اخبار ہے جسے پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے دس رجحانات میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔
جنگ آن لائن اخبار بھی تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، جبکہ ڈراموں میں زندگی گلزار ہے اور جیو کہانی کا میرا سلطان سب سے زیادہ سرچ کئے گئے۔ پاکستانی شخصیات میں مریم نواز کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا، تاہم وہ دنیا بھر میں سرچ کی جانے والی شخصیات میں چوتھے، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین چھٹے اور عمران خان ساتویں نمبر پر رہے۔
سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی عالمی شخصیات میں نیلسن منڈیلا پہلے نمبر پر رہے۔ فلمی اداکاروں میں پال واکر کو پہلے اور جیا خان کو دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ پاکستان میں سرچ کیا گیا۔